کاروار 9؍دسمبر(ایس او نیوز)کراولی اتسوا کے موقع پر کاروار میں موجود 'وار شِپ'کے احاطے پھلوں او ر پھولوں کی ایک خوبصورت سہ روزہ نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق دیسی اور بدیسی پھلوں اور پھولوں پر مشتمل نمائش کے پہلے دن ہی ہزاروں افراد نے اس کا نظارہ کیا اور اس کی دلکشی سے لطف اٹھایا۔کاروار بحری اڈے کے ریئر ایڈمرل کے جے کماراورضلع پنچایت سی ای اوچندرشیکھر نے اس نمائش کا افتتاح کیا۔اس نمائش میں بعض فنکاروں نے پھلوں اور پھولوں کے ذریعے ملک اور ریاست کی مشہورومعروف شخصیات کے مجسمے بھی بنائے ہیں جو عوام کی دلکشی کا باعث بن گئے ہیں۔
کراولی اتسوا کے حوالے سے ثقافتی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے ضلع سیشنس جج وٹھل دھارواڑکر نے کہا کہ دیہی سطح پر ختم ہوتی جارہی ہے ثقافت اور کلاکاری کو بچانے اور اسے پروان چڑھانے کے لئے حکومت کراولی اتسوا جیسے پروگرام منعقد کیا کرتی ہے۔اس لئے کلاکاروں کو اس سے لطف اٹھانے والوں کو ایسے موقعوں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے، اور دیہی ثقافت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔